وزیراعظم کا صنعتوں کیلیے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 4 پیسے کمی کا اعلان

image

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جب حکومت سنبھالی تو ملک کی معاشی صورتحال ابتر تھی، مگر حکومتی اقدامات کی بدولت پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا گیا اور مہنگائی کی شرح اب سنگل ڈیجٹ میں ہے۔

اسلام آباد میں ایکسپورٹرز اور کاروباری شخصیات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عظیم کاروباری شخصیات نے مشکل حالات میں ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا اور ملک کا نام روشن کیا۔ ان کے مطابق، ایکسپورٹرز پاکستان کے عظیم فرزند ہیں جنہوں نے اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا جب حکومت سنبھالی تو کچھ لوگوں نے کہا پاکستان ڈیفالٹ کرچکا ہے۔ ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانا ہمارے لیے بڑا چیلنج تھا۔ اب پاکستان کی معیشت مستحکم ہوچکی ہے اور مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ میں ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا، گورنر اسٹیٹ بینک دل بڑا کریں اور تگڑے فیصلے کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتیں کاروبار نہیں کرتیں، بلکہ کاروبار پرائیویٹ سیکٹر کو کرنا ہوتا ہے، لہٰذا کاروباری شخصیات کی رائے کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

وزیراعظم نے دوست ممالک کی امداد کو بھی سراہا اور کہا کہ چین، سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات نے پاکستان کی مالی معاونت کی، جس سے ملک کو بحران سے بچایا جاسکا۔

ایکسپورٹرز کیلیے ٹیکس میں 3 فیصد کمی، نامور برآمد کنندگان کو دو سالہ بلیو پاسپورٹ دینے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے ایکسپورٹرز کیلیے ٹیکس میں 3 فیصد کمی اور نامور برآمد کنندگان کو دو سال کیلیے بلیو پاسپورٹ دینے کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایکسپورٹرز پاکستان کے عظیم فرزند ہیں جنہوں نے مشکل حالات میں ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا۔

وزیراعظم نے صنعتوں کیلیے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 4 پیسے کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری کیلیے ویلنگ چارجز 9 روپے سے کم ہوں گے۔ انہوں نے پی آئی اے کی شفاف نجکاری، پی ڈبلیو ڈی، یوٹیلیٹی اسٹورز اور پاسکو کی بندش کو کرپشن کے خاتمے کی مثال قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکسز میں کمی ضروری ہے، شوگر سیکٹر سے ایک سال میں 50 ارب روپے اضافی ریونیو حاصل کیا گیا جبکہ وزارت مواصلات میں بھی ریونیو میں نمایاں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سب سیاست کریں لیکن یاد رکھیں، پاکستان ہوگا تو سیاست ہوگی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US