آرمی چیف سے ترکی کے چیف آف جنرل اسٹاف کی ملاقات، مختلف امور پر تبادلہ خیال

image

ترکی کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سیلچوک بایراکتاروغلو نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز سے ملاقات کی۔ ان کی آمد پر پاک افواج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی و عالمی سیکیورٹی صورتحال اور پاکستان و ترکی کے درمیان دفاعی و عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے پاک-ترک تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قریبی رابطہ اور دفاعی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی، برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے ترک مسلح افواج کے تعاون کو سراہا اور عسکری روابط مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترک آرمی چیف نے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ انہوں نے تربیت، مشترکہ مشقوں اور استعداد کار میں اضافے سمیت دفاعی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

یہ دورہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری اور علاقائی امن و استحکام کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US