وزیر داخلہ محسن نقوی کا جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ، امیگریشن عمل کا جائزہ

image

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کا دو گھنٹے طویل دورہ کیا، جہاں انہوں نے امیگریشن کاؤنٹرز پر مسافروں کے امیگریشن پراسیس کا تفصیلی جائزہ لیا۔

وزیر داخلہ نے بیرونِ ملک جانے والے مسافروں سے ملاقات کی اور امیگریشن کے عمل سے متعلق سوالات کیے، جبکہ سعودی عرب جانے والے بعض مسافروں کی سفری دستاویزات بھی چیک کیں اور ایف آئی اے حکام سے تصدیق کرائی۔

دورے کے دوران نامکمل دستاویزات رکھنے والے تین مسافروں کو روکے جانے پر وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کے اے ایس آئی عامر لاشاری کی کارکردگی کو سراہا۔ محسن نقوی نے کہا کہ فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کرنے والے افسران قومی اثاثہ ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ نامکمل یا بغیر تصدیق شدہ دستاویزات پر کسی مسافر کو سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مسافروں کی آڑ میں پیشہ ور بھکاریوں کو بیرونِ ملک جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی کیونکہ پاکستان کا وقار اولین ترجیح ہے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ درست اور مکمل دستاویزات رکھنے والے مسافروں کے لیے سفر میں آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی پالیسی ہے۔ اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ موجود تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US