وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جنوبی ایشیا کی جدید ترین پنجاب سائنس انکلیو میں قائم پاکستان ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (PAFDA) کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ایگریکلچر، فوڈ اور ڈرگ ٹیسٹنگ کی جدید ہائی ٹیک لیبارٹری کا بھی افتتاح کیا گیا، جو ایک ہی چھت تلے عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرے گی۔
تقریب کے دوران خواتین سائنسدانوں کے لیے ہاسٹل کے سنگِ بنیاد بھی رکھے گئے، جس کا مقصد تحقیق و ترقی کے شعبے میں خواتین کی حوصلہ افزائی اور انہیں بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔
حکام کے مطابق اس منصوبے کے آغاز سے غیر ملکی لیبارٹریز پر انحصار کم ہوگا، جبکہ زرعی، غذائی اور ادویات کے معیار کو عالمی سطح پر تسلیم کرانے میں مدد ملے گی۔ منصوبے سے “میڈ اِن پاکستان” مصنوعات پر عالمی اعتماد میں اضافے کی بھی توقع کی جا رہی ہے۔