وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے غذائی اجناس کے درآمد کنندگان کو ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک میں خوردنی تیل اور دیگر ضروری غذائی اشیاء کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر درآمدی حکمتِ عملی بروقت ترتیب دی جائے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ رمضان کے دوران غذائی اشیاء کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے، جس کے باعث بندرگاہوں پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہوتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی بندرگاہیں “پہلے آئیں، پہلے پائیں” کے اصول پر کام کرتی ہیں، تاہم جہازوں اور کارگو کی برتھنگ میں تاخیر بندرگاہوں پر رش کا سبب بنتی ہے۔
جنید انوار چوہدری نے درآمد کنندگان پر زور دیا کہ وہ اپنے درآمدی شیڈول پیشگی متعلقہ حکام کے ساتھ شیئر کریں تاکہ بندرگاہی نظام کو مؤثر بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیشگی منصوبہ بندی کے ذریعے نہ صرف بندرگاہوں پر دباؤ کم کیا جا سکتا ہے بلکہ غذائی اشیاء کی بروقت فراہمی بھی یقینی بنائی جا سکتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سرکاری و نجی شعبے کے باہمی تعاون سے رمضان میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانا قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رمضان سے قبل غذائی اجناس کی پیشگی درآمد ناگزیر ہے، کیونکہ آخری وقت کی درآمدات بندرگاہوں پر غیر ضروری دباؤ کا باعث بنتی ہیں۔