وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بلوچستان میں دہشتگرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانا کھلی دہشت گردی اور ریاست کی خودمختاری پر براہِ راست حملہ ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں جاری دہشتگردی قومی سلامتی کے لیے سنگین چیلنج ہے، تاہم دہشتگردی پاکستانی قوم کے عزم و حوصلے کو کمزور نہیں کر سکتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی پورے ملک کے لیے ایک مشترکہ مسئلہ ہے اور اس کے خلاف جنگ میں کسی قسم کی کمزوری یا ابہام کی کوئی گنجائش نہیں۔ پاکستان پوری قوت کے ساتھ دہشتگردی کے ناسور کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گا۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو جلد امن و استحکام کا گہوارہ بنائے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ دو دنوں کے دوران کامیاب آپریشنز میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 133 دہشتگردوں کو ہلاک کیا ہے۔