ارفع کریم رندھاوا کی سالگرہ کے موقع پر ان کے والد امجد کریم رندھاوا نے جذباتی خراج عقیدت پیش کیا۔
ارفع کریم 2004 میں صرف 9 سال کی عمر میں مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل بن کر دنیا کی سب سے کم عمر ٹیکنالوجی ماہر قرار پائیں۔ ان کی یہ صلاحیت خود مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے سراہا تھا۔ بدقسمتی سے ارفع کریم 2012 میں 16 سال کی عمر میں دنیا سے رخصت ہو گئیں مگر ان کی کامیابیاں آج بھی نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔
ارفع کے والد اور والدہ نے ان کے خواب کو زندہ رکھنے کے لیے بھرپور کوششیں کیں اور نوجوانوں کے لیے مفت آئی ٹی تعلیم فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے۔ اس سالگرہ پر ارفع کے والد امجد کریم نے اپنی بیٹی کی یاد میں خوبصورت تصاویر شیئر کیں اور جذباتی پیغام بھی دیا۔
امجد کریم رندھاوا نے کہا اگر ارفع زندہ ہوتیں تو آج وہ 31 سال کی ہوتیں۔ اگرچہ وہ ہمارے درمیان نہیں ہیں مگر ہم ان کی میراث کو زندہ رکھنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ہم کبھی بھی ان کے خوابوں کو ترک نہیں کریں گے۔
ارفع کریم کی سالگرہ پر ان کے والد کی پوسٹ کے بعد مداحوں نے بھی ان کے لیے دعائیں اور جذباتی پیغامات پیش کیے۔