سینیٹر طلحہ محمود نے ایف بی آر کو منگول لشکر قرار دے دیا

image

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کے اجلاس میں ممبران نے ایف بی آر پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

حکام وزارت تجارت نے بتایا کہ وزارت تجارت نے بارٹر ٹریڈ کے لیے ایس آر او اکتوبر میں جاری کردیا، وی بوک کے لیے ماڈیول ابھی تک ایف بی آر نے تیار نہیں کیا۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ یہ بہت بڑی نااہلی ہے، ایف بی آر سے پوچھا جائے۔

سینیٹر طلحہ محمودکا کہنا تھا کہ ایف بی آر تاتاری لشکر کی طرح ہے، جہاں جاتا ہے تباہی پھیر دیتا ہے، ایف بی آر میں چنگیز خاں کو کلہاڑا دے کر بٹھایا گیا ہے، سنا ہے جب چیئرمین ایف بی آر کو بتایا جاتا ہے کہ فلاں شعبہ ٹیکس کے باعث مشکل میں ہے تو وہ خوش ہوتا ہے، ایف بی آر کے قابل افسران باہر بیٹھے ہیں اور واپڈا سے ایک شخص کو ایف بی آر میں بٹھا دیا ہے۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کو طلب کرکےکہا جائےکہ معاملہ حل کریں۔

سینیٹر فیصل سلیم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل چل رہی تھیں، ان کی برآمدات بھی اب گر گئی ہیں، ایف بی آر تو ہمارے لیے طالبان بن گیا ہے۔

اس پر سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ ایف بی آر طالبان نہیں منگول لشکر ہے، اس سال ٹیکس ٹارگٹ بھی بہت زیادہ ہے اور ریٹ بھی بہت اونچا ہوگیا ہے۔

سینیٹر طلحہ محمود کے سوال پر حکام وزارت تجارت نے بتایا کہ بہتر ٹیرف کے باوجود امریکا کو برآمدات نہ بڑھنے کی بڑی وجہ پاکستان میں زیادہ پیداواری لاگت ہے، چین اور بھارت پر زیادہ ٹیرف سے مواقع تو ملے، مگر طویل المدتی سرمایہ کاری نہ ہونے اور عالمی غیر یقینی صورتحال کے باعث فائدہ نہ اٹھایا جاسکا، جولائی تا دسمبر امریکا کو ٹیکسٹائل برآمدات میں صرف 4 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ اس کا زیادہ فائدہ ویتنام، بنگلا دیش اور کمبوڈیا نے لیا۔

حکام نے بتایا کہ پاکستان جی ایس پی پلس کے تحت یورپی یونین کو تقریباً 7 ارب ڈالر کی ٹیکسٹائل برآمد کرتا ہے جب کہ بھارت بغیر رعایت کے بھی اتنی ہی برآمدات کر رہا ہے، بھارت میں پالیسی ریٹ 5.5 فیصد جب کہ پاکستان میں 10.5 فیصد ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US