بلوچستان میں دہشتگردوں کو پوری قوت کے ساتھ جواب دیا جائے گا، خواجہ آصف

image

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بدامنی اور عدم استحکام کے لیے بھارت سازشیں کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں بلوچستان کے حالات پر بحث کے دوران کیا۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں آبادی دور دور ہے جبکہ بلوچستان سے کہیں زیادہ بلوچ پنجاب اور دیگر صوبوں میں آباد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک بیانیہ بنایا گیا کہ مارے جانے والے دہشت گرد لاپتہ افراد کی فہرست میں شامل تھے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ باقی لاپتہ افراد خلیجی ممالک میں بیٹھ کر یہ بیانیہ تشکیل دے رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو لاہور یا کراچی سے نہیں بلکہ بلوچستان سے گرفتار ہوا تھا، جو بھارتی مداخلت کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، مگر دہشت گردی جیسے سنگین مسئلے پر پوری قوم اور ایوان کو متحد ہونا ہوگا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردوں کو پوری قوت کے ساتھ جواب دیا جائے گا اور ان کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔

وزیر دفاع نے بتایا کہ دہشتگردوں سے برآمد ہونے والی رائفلز کی قیمت 20 لاکھ روپے سے زائد ہے اور یہ جدید امریکی ساختہ اسلحہ ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ مہنگا اسلحہ دہشتگردوں کو کون فراہم کر رہا ہے، جبکہ اتنا مہنگا اسلحہ تو ہم خود بھی نہیں خرید سکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران زیارات کے لیے جانے والے شہریوں کو شناختی کارڈ چیک کر کے قتل کیا گیا، جبکہ جعفر ایکسپریس پر حملے میں غریب مزدوروں کو نشانہ بنایا گیا۔ خواجہ آصف نے الزام عائد کیا کہ جرائم پیشہ گروہوں اور اسمگلرز کو تحفظ صرف بی ایل اے فراہم کرتی ہے اور بی ایل اے دراصل بلوچستان میں اسمگلرز کا ملٹری ونگ ہے۔

وزیر دفاع نے واضح کیا کہ بلوچستان میں جرائم پیشہ عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں اور حکومت امن دشمن عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری رکھے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US