لیبیا کی مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف فیلڈ مارشل خلیفہ ابوالقاسم حفتر نے جنرل ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران فریقین کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، پیشہ ورانہ عسکری تعاون اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان اور لیبیا کی مسلح افواج کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا جبکہ آرمی چیف نے لیبیا کے ساتھ دو طرفہ دفاعی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل خلیفہ حفتر نے لیبیا میں امن، استحکام اور ادارہ جاتی ترقی کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت پر اطمینان کا اظہار کیا۔