بچے نے موموز کے شوق میں اپنے گھر سے لاکھوں روپے کے زیورات چوری کر لیے

image

بھارت کے ضلع دیوریا میں ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے جہاں 14 سالہ لڑکے نے موموز کھانے کے شوق میں اپنے ہی گھر سے لاکھوں روپے کے زیورات چوری کر لیے۔

پولیس کے مطابق لڑکے نے یہ زیورات اپنے علاقے میں ٹھیلا لگانے والے مومو فروش کو دے دیے اور بدلے میں روزانہ موموز کھاتا رہا۔ مومو، شمالی بھارت، نیپال اور تبت میں مقبول اسٹفڈ ڈمپلنگ ہے جو آٹے کی پتلی تہہ میں گوشت، سبزیاں یا پنیر کی بھرائی کے ساتھ تیار کی جاتی ہے اور بھاپ یا تل کر پکائی جاتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب لڑکے کی خالہ نے والدین کے گھر آ کر زیورات جمع کرنے کی کوشش کی، تو الماری کھولنے پر زیورات غائب تھے۔ گھر والوں نے جب لڑکے سے پوچھا تو اس نے اعتراف کیا کہ وہ زیورات مومو کے بدلے مومو فروش کو دیتا رہا۔

پولیس حکام نے تصدیق کی کہ شکایت موصول ہو چکی ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ افسران کا کہنا ہے کہ معاملے کی پوری جانچ کی جا رہی ہے جلد ہی متعلقہ افراد کو حراست میں لیا جائے گا، پولیس اب مومو فروش کی تلاش میں ہے تاکہ چوری شدہ زیورات کی اصل مالیت معلوم کی جا سکے۔

ماہرین نفسیات کے مطابق بچوں میں کسی خاص چیز کی شدید خواہش وقت کے ساتھ ایڈکشن کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔ اگر یہ خواہش قابو سے باہر ہو جائے تو بچے کو اپنے اصول یا ضروریات نظرانداز کر کے نقصان دہ فیصلے کرنے پر مجبور کر سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ والدین اور معاشرہ وقت پر نگرانی اور رہنمائی فراہم کریں تو بچوں کی عادات کو مثبت سمت میں ڈھالا جا سکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US