وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے خیبر پختونخوا کے وزیرِاعلیٰ کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم نے وزارتِ خزانہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی اور صوبائی حکام نے شرکت کی۔
ملاقات میں ضم شدہ اضلاع کے ترقیاتی فنڈز، عارضی طور پر بے گھر افراد کی بحالی، اور قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) سے متعلق صوبائی واجبات سمیت مختلف مالی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
خیبرپختونخوا کی ٹیم نے ضم شدہ اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور متاثرہ خاندانوں کی معاونت کے لیے بروقت فنڈز کے اجرا کی اہمیت پر زور دیا اور زیر التوا مالی ذمہ داریوں کی نشاندہی کی۔
وفاقی وزیر خزانہ نے خیبرپختونخوا کے مسائل غور سے سنے اور صوبوں کے ساتھ تعاون پر مبنی وفاقی نظام کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے این ایف سی اور دیگر متعلقہ مدات کے تحت خیبرپختونخوا کے جائز مالی حقوق کے حصول میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ بروقت فنڈز کے اجرا کے لیے باہمی رابطہ اور اکاؤنٹس کی شفاف تکمیل ضروری ہے، جبکہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا خصوصاً ضم شدہ اضلاع کو درپیش ترقیاتی اور سیکیورٹی چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہے۔
ملاقات میں این ایف سی سے متعلق جاری مشاورت اور تکنیکی سطح کے اجلاسوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دونوں فریقین نے باہمی رابطہ جاری رکھنے اور قومی مفاد میں مسائل کے بروقت حل پر اتفاق کیا۔