نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری (CCoP) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں نجکاری کمیشن کی جانب سے ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی (HBFC) کی نجکاری کے لیے دوسرے مرحلے (Second Cycle) کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نجکاری کمیشن کے ذریعے آؤٹ سورس کرنے کی سفارش بھی کی گئی۔
نائب وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ متعلقہ وزارتیں اور نجکاری کمیشن شفاف اور منصفانہ مارکیٹ ویلیو کا تعین یقینی بنائیں، جس میں اداروں کے اثاثوں کے ساتھ ساتھ مستقبل کے کاروباری امکانات کو بھی مدنظر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری سے نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور ادارے مارکیٹ کی بدلتی ہوئی صورتحال سے بہتر طور پر ہم آہنگ ہو سکیں گے۔
اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر توانائی اویس لغاری، وزیراعظم کے معاونین خصوصی ہارون اختر اور طارق باجوہ، سیکریٹری کابینہ، سیکریٹری نجکاری، سیکریٹری قانون ڈویژن، سیکریٹری صنعت و پیداوار سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔