مڈ نائٹ ہیمر کے بعد ایران دوبارہ کارروائی نہیں چاہے گا، صدر ٹرمپ

image

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے اور اُمید ہے کہ یہ بات چیت کامیاب ثابت ہوگی۔ وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ایران سے مذاکرات سے متعلق سوال پر صدر ٹرمپ نے تصدیق کی کہ دونوں ممالک کے درمیان رابطے جاری ہیں۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کسی پیش رفت کا خواہشمند نظر آتا ہے، تاہم یہ دیکھنا ہوگا کہ آیا یہ مذاکرات کسی ٹھوس نتیجے تک پہنچ پاتے ہیں یا نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات جاری ہیں لیکن اگلی ملاقات کہاں ہوگی، اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

ایک موقع پر امریکی صدر نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کو پہلے بھی بات چیت کے مواقع دیے گئے تھے لیکن وہ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئے، جس کے بعد امریکا نے ایران کے خلاف آپریشن مڈ نائٹ ہیمر کیا۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ ایران دوبارہ اس نوعیت کی کارروائی کا سامنا کرنا چاہے گا۔

گزشتہ روز بھی وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ وینزویلا بھیجے گئے بحری بیڑے سے بھی بڑا بحری بیڑہ ایران کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران کے ساتھ کوئی معاملہ طے پا جاتا ہے تو یہ سب کے لیے بہتر ہوگا، تاہم خبردار کیا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو اس کے بہت برے نتائج سامنے آسکتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US