یمن میں حوثیوں کے خلاف فضائی کارروائی، 3 گھنٹوں میں 20 حملے

image

یمنی افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ فضائیہ نے صوبہ تعز میں حوثی جنگجوؤں کے خلاف تین گھنٹوں کے دوران 20 فضائی حملے کیے ہیں۔

ترجمان کے مطابق حملوں میں حوثیوں کی نقل و حرکت، کمک، اجتماعات، اہلکاروں، گاڑیوں اور فوجی سازوسامان کو نشانہ بنایا گیا۔ کارروائیاں حمیر، بنی بکاری، سامع، الاقروض، شارع الستین، الاعمور، میدی بنی حسن اور الوازعیہ کے علاقوں میں کی گئیں۔

یمنی فوجی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ حملوں میں حوثی اہلکاروں، فوجی سازوسامان اور نقل و حرکت کو نقصان پہنچا، تاہم حوثیوں کی جانب سے فوری طور پر ان حملوں پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔

دوسری جانب سعودی عرب کے دفاعی فضائی نظام نے حوثی فورسز کی جانب سے داغے گئے 2 بیلسٹک میزائل اور 4 ڈرونز فضا میں ہی تباہ کر دیے۔

عرب اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق ایک بیلسٹک میزائل کو خمیس مشیط جبکہ دوسرے کو جازان کے اوپر تباہ کیا گیا جبکہ چاروں ڈرونز کو بھی خمیس مشیط کی فضائی حدود میں مار گرایا گیا۔

سعودی حکام کے مطابق تباہ کیے گئے میزائلوں اور ڈرونز کا ملبہ رہائشی علاقوں میں گرا جس سے متعدد عمارتوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا تاہم حملوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US