قازق صدر کا وزیراعظم ہاؤس میں پرتپاک استقبال، گارڈ آف آنر پیش

image

قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف کا وزیراعظم ہاؤس آمد پر شاندار اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معزز مہمان کا خیرمقدم کیا، دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔

بدھ کے روز وزیراعظم ہاؤس میں صدر قازقستان کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، جہاں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ صدر قاسم جومارت توکایووف نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا جبکہ دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

اس موقع پر صدر قازقستان نے اپنے وفد کے ارکان کا وزیراعظم شہباز شریف سے تعارف کرایا، جبکہ وزیراعظم نے کابینہ کے ارکان کو قازق صدر سے متعارف کرایا۔ صدر قازقستان نے وزیراعظم ہاؤس کے احاطے میں پودا بھی لگایا۔

دورے کے دوران قاسم جومارت توکایووف صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقاتیں کریں گے اور پاکستان قازقستان بزنس فورم سے خطاب بھی کریں گے۔

یہ دورہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے جامع جائزے، تجارت، لاجسٹکس، علاقائی رابطہ کاری، عوامی روابط کے فروغ اور علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر تعاون کے نئے امکانات پر غور کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ دورہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ہوتے تعلقات، تاریخی و ثقافتی قربت اور خطے میں امن و ترقی کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US