ایران میں خواتین کو موٹر سائیکل چلانے کی باضابطہ اجازت

image

ایران میں خواتین کو باضابطہ طور پر موٹر سائیکل چلانے کی اجازت دے دی گئی جس کے بعد اب خواتین موٹر سائیکل چلانے کا لائسنس حاصل کرسکیں گی۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی نے مقامی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اس فیصلے کے بعد موٹر سائیکل کے حوالے سے برسوں سے جاری قانونی ابہام کا خاتمہ ہوگیا ہے۔

خبررساں ایجنسی کا بتانا ہے کہ اس سے قبل قانون میں خواتین کے موٹر سائیکل یا اسکوٹر چلانے پر واضح پابندی موجود نہیں تھی تاہم عملی طور پر حکام خواتین کو لائسنس جاری کرنے سے انکار کرتے رہے تھے۔

اس قانونی خلا کے باعث حادثات کی صورت میں خواتین کو قانونی طور پر ذمہ دار ٹھہرایا جاتا رہا۔

ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف نے گزشتہ روز ایک قرارداد پر دستخط کیے جس کا مقصد ٹریفک قوانین کو واضح کرنا ہے، یہ قرارداد گزشتہ ماہ کے آخر میں ایرانی کابینہ سے منظور کی گئی تھی۔

اس قرارداد کے تحت ٹریفک پولیس کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ خواتین درخواست گزاروں کو عملی تربیت فراہم کرے، پولیس کی براہ راست نگرانی میں امتحان لے اور انہیں موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس جاری کرے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US