وفاقی حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلیے پرعزم، کابینہ اجلاس میں اہم فیصلوں کی منظوری

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں ملک میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے، قومی یکجہتی، بین الصوبائی تعاون اور اہم پالیسی فیصلوں پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں اقتصادی تعاون کمیٹی (ECC) کے 3 فروری 2026، ریاستی ملکیتی اداروں (SOEs) سے متعلقہ کابینہ کمیٹی کے 9 جنوری 2026 اور کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی (CCLC) کے 29 جنوری 2026 کے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی اصولی منظوری دی گئی۔

کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں، اداروں اور عوام کے تعاون سے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلیے پُرعزم ہے۔ اجلاس کے آغاز میں صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود اور بلوچستان میں شہید ہونے والے شہریوں، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے ایصالِ ثواب کیلیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

وزیراعظم نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر حکومتِ پاکستان اور پوری قوم کی جانب سے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے حالیہ ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کے ذریعے ملکی ترقی و خوشحالی کے عزم کا اعادہ کیا۔

کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ بنگلا دیش سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف دو طرفہ میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے دوست ممالک سے پاکستان کے مضبوط سفارتی تعلقات، بالخصوص قازقستان کے صدر کے حالیہ دورے اور ازبکستان کے صدر کے آئندہ دورے سے متعلق بھی کابینہ کو آگاہ کیا۔

اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری اداروں کے سربراہان کابینہ اور ذیلی کمیٹیوں کو بھجوائی جانے والی سمریز میں مکمل جانچ پڑتال کے بعد حقائق شامل کریں اور مجاز افسران خود اجلاسوں میں شرکت یقینی بنائیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے ہم واضح اقدام کیا اور بھارت کے خلاف نہ کھیلنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں فتنہ الخوارج ، فتنہ الہندوستان اور مخالفین نے بیک وقت حملہ کیا جس پر ہماری بہادر فورسز نے حملہ آوروں کو بھرپور جواب دیا اور 180 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ دہشتگردوں کے ساتھ لڑائی میں 17 اہلکاروں نے بھی جام شہادت نوش کیا اور دہشتگردوں کے حملوں میں 31 شہری شہید ہوئے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قوم عظیم بیٹوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، شہدا کے بچوں کی کفالت ریاست کی ذمہ داری ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہوگا اور انشاءاللہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ کھیل کے میدان میں سیاست بالکل نہیں ہونی چاہیے، ہم نے بڑا سوچ سمجھ کر اسٹینڈ لیا ہے، یہ کھیل کا میدان ہے ، سیاست نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں بنگلادیش کے ساتھ پوری طرح کھڑا ہونا چاہیے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US