کراچی میں موسمِ بہار کی آمد کو خوش آمدید کہنے کے لیے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بسنت میلہ سجانے کا اعلان کر دیا۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ غیر محفوظ پتنگ بازی کی بات نہیں کر رہے بلکہ کراچی کے باغ ابنِ قاسم یا بے نظیر بھٹو پارک میں باقاعدہ بسنت فیسٹیول منعقد کیا جائے گا۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ان دنوں بسنت کا خاصا چرچا ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں پتنگ بازی سے متعلق ایک فیسٹیول منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سازشی عناصر منفی باتیں بند کریں، لوگوں کو خوشیاں دیں اور شہر کو خوبصورت بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
میئر کراچی نے ترقیاتی بجٹ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت شہر کے لیے صفر جبکہ کے ایم سی 46 ارب روپے خرچ کر رہی ہے جبکہ رواں سال مجموعی طور پر 80 ارب روپے کراچی پر خرچ کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حمایت سے سندھ حکومت کراچی پر 300 ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے لوگ بھی اس بات کا اعتراف کر رہے ہیں کہ بلدیاتی اداروں کو مضبوط ہونا چاہیے، محض تنقید کرنے سے مسائل حل نہیں ہوتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی شہر کا مستقبل ہے اور کراچی کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ ایک سوال کے جواب میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جب پہلے کام نہیں ہو رہا تھا تو تحریکِ عدم اعتماد کا خیال نہیں آیا، لیکن جیسے ہی کے ایم سی کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے آئے تو بعض لوگوں کی نیت بدل گئی۔