نلکا کھلا رہ جانے سے اپارٹمنٹ کے باہر سڑک آئس اسکیٹنگ کے میدان میں بدل گئی

image

تصور کریں کہ گھر میں نلکا کھلا رہ جائے اور سرد موسم کے باعث پانی برف میں تبدیل ہو کر سڑک کو آئس اسکیٹنگ کے میدان میں بدل دے، ایسا ہی ایک حیران کن واقعہ شمال مغربی چین میں پیش آیا۔

چینی صوبے گانسو کے شہر لانژو کی رہائشی وانگ نامی خاتون گھر میں سولر واٹر ہیٹر کا نلکا بند کرنا بھول گئیں، جس کے باعث پانی مسلسل 9 گھنٹے تک بہتا رہا۔ شدید سردی کے باعث نلکے سے بہنے والا پانی جم کر اپارٹمنٹ کے باہر سڑک پر موٹی برف کی شکل اختیار کر گیا۔

وانگ نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے عمارت کے رہائشیوں سے معذرت کی۔ ویڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات وہ نلکا بند کرنا بھول گئیں، جس کی وجہ سے صبح عمارت میں نظر آنے والی جمی ہوئی برف ان ہی کی غلطی کا نتیجہ ہے۔

خاتون کے مطابق نلکے سے نکلنے والا پانی دیوار کے ساتھ بہتا ہوا باہر سڑک تک پھیل گیا جبکہ علاقے میں رات کے وقت درجہ حرارت منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جاتا ہے، جس کے باعث پانی فوری طور پر برف میں تبدیل ہو گیا۔

اس صورتحال کا سب سے پہلے انکشاف وانگ کے والد نے کیا جو صبح سویرے ورزش کے لیے باہر نکلے تھے۔ انہوں نے سڑک کو برف سے ڈھکا ہوا دیکھا اور ابتدا میں سمجھا کہ پانی کسی اور گھر سے بہہ رہا ہے تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ یہ سب ان کے اپنے گھر کی وجہ سے ہوا ہے۔

وانگ کے والد نے فوری طور پر بیٹی کو فون کر کے صورتحال سے آگاہ کیا، جس کے بعد خاندان نے برف صاف کرنے کی کوششیں شروع کر دیں۔ خاتون کی والدہ نے قریبی دکان سے نمک خرید کر برف پگھلانے کی کوشش کی جس کے باعث علاقے کی دکانوں پر نمک بھی ختم ہو گیا۔

وانگ نے مزید کہا کہ اگر اس وجہ سے کسی کو نمک نہ مل سکا تو وہ اس پر بھی معذرت خواہ ہیں۔ واقعے کے بعد عمارت کے کچھ رہائشیوں نے بھی خاتون کی مدد کی اور سڑک سے برف ہٹانے میں ہاتھ بٹایا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US