بھارت کے شہر ممبئی میں ایک لفٹ میں غبارے پھٹنے سے آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لفٹ میں ایک خاتون اور دو افراد داخل ہوئے، جن میں سے ایک شخص کے ہاتھ میں کئی غبارے موجود تھے۔ جیسے ہی یہ شخص غبارے کے ساتھ لفٹ میں آیا، زور دار دھماکا ہوا اور غبارے پھٹنے کے دوران آگ لگ گئی۔
واقعے کے بعد لفٹ میں موجود خاتون نے فوری طور پر باہر نکلنے کی کوشش کی جبکہ زخمیوں میں ایک خاتون اور ایک مرد شامل ہیں۔ پولیس نے غبارے بیچنے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور غباروں میں موجود گیس سے متعلق تحقیقات بھی جاری ہیں۔
پولیس اور مقامی حکام نے عوام کو محتاط رہنے اور خطرناک مواد کے استعمال سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفصیلات آنے کا امکان ہے۔