فرانس: مریض کے جسم سے پہلی جنگِ عظیم کا توپ خانے کا گولہ برآمد، اسپتال میں خوف

image

فرانس کے ایک اسپتال میں ڈاکٹروں نے 24 سالہ مریض کے جسم کے اندر پہلی جنگِ عظیم کا ایک آٹھ انچ لمبا توپ خانے کا گولہ دریافت کیا، جس کے باعث اسپتال میں خوف و ہراس پھیل گیا اور حفاظتی اقدامات کیے گئے۔

نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق 24 سالہ فرانسیسی شہری شدید تکلیف میں اسپتال کے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ پہنچا۔ ابتدائی معائنے کے دوران ڈاکٹروں کو معلوم ہوا کہ مریض کے جسم میں ایک دھات کی بڑی شے موجود ہے جس پر فوری طور پر خدشہ ظاہر کیا گیا کہ یہ کسی بھی وقت پھٹ سکتی ہے۔

ہنگامی بنیادوں پر مریض کا آپریشن کیا گیا جس میں تصدیق ہوئی کہ یہ شے پہلی جنگِ عظیم کے زمانے کا توپ خانے کا گولہ ہے۔ واقعے کی حساسیت کے پیشِ نظر اسپتال کے بعض حصے خالی کرا دیے گئے اور پولیس و بم ڈسپوزل یونٹ کو اطلاع دی گئی۔ فائر بریگیڈ بھی موقع پر الرٹ رہی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

ماہرین نے گولے کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد تصدیق کی کہ یہ فوری خطرہ نہیں رکھتا، جس کے بعد بم ناکارہ بنانے والی ٹیم نے اسے محفوظ طریقے سے مریض کے جسم سے نکال لیا۔ خوش قسمتی سے گولہ پھٹا نہیں اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

اسپتال ذرائع کے مطابق مریض کو آپریشن کے بعد زیرِ علاج رکھا گیا ہے اور اس کی حالت بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔ تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اتنا خطرناک اور قدیم ہتھیار مریض کے جسم میں کیسے پہنچا تاہم حکام کا کہنا ہے کہ مریض سے تفتیش کی جائے گی۔

کچھ مقامی میڈیا رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ یہ واقعہ کسی پارٹی کے دوران کیے گئے خطرناک مذاق کا نتیجہ ہو سکتا ہے جبکہ پراسیکیوٹرز اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ آیا مریض کے خلاف ممنوعہ ہتھیار رکھنے کے قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔

واضح رہے کہ پہلی جنگِ عظیم کے دوران جرمن افواج نے مغربی محاذ پر برطانیہ اور فرانس کے خلاف بڑی تعداد میں ایسے توپ خانے کے گولے استعمال کیے تھے اور اسی زمانے کا ایک گولہ اس غیر معمولی واقعے میں سامنے آیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US