ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران کا میزائل پروگرام قومی دفاع کا معاملہ ہے اور اسے کسی صورت مذاکرات کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔
عراقچی نے عرب ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ مسقط میں امریکا کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات کے دوران امریکی وفد سے ملاقات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو ایران خطے میں موجود امریکی اڈوں کو نشانہ بنائے گا، تاہم امریکی سرزمین پر حملے کا امکان نہیں۔
انہوں نے ایران کے جوہری افزودگی پروگرام کو ایران کا ناقابلِ تنسیخ حق قرار دیا اور کہا کہ بمباری سے ایران کی جوہری صلاحیتیں ختم نہیں کی جا سکتیں۔ عباس عراقچی نے مزید کہا کہ امریکا کے ساتھ افزودگی پر یقین دہانی کے معاہدے تک پہنچنے کے لیے ایران تیار ہے، اور بات چیت کے اگلے دور کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی، لیکن دونوں ممالک جلد مذاکرات کے لیے متفق ہیں۔