ورلڈ ڈیفنس شو میں شرکت، وزیرِ دفاع سعودی عرب پہنچ گئے

image

پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف سعودی حکومت کی خصوصی دعوت پر ہفتے کی شب ریاض پہنچ گئے، جہاں وہ پانچ روزہ ورلڈ ڈیفنس شو میں شرکت کریں گے۔ یہ عالمی دفاعی نمائش 8 سے 12 فروری تک سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقد ہو رہی ہے۔

نمائش کا اہتمام سعودی جنرل اتھارٹی فار ملٹری انڈسٹریز (GAMI) کر رہی ہے، جس میں دنیا بھر سے 700 سے زائد دفاعی کمپنیوں کی شرکت متوقع ہے۔ اس ایونٹ میں سرکاری وفود، دفاعی ادارے اور عالمی سطح کی سیکیورٹی و دفاعی صنعت سے وابستہ کمپنیاں شریک ہوں گی۔

GAMI کے گورنر احمد العہلی کے مطابق نمائش میں جدید دفاعی ٹیکنالوجی، فضائی اور زمینی مظاہرے، اسٹیٹک ڈسپلے اور نئے متعارف کردہ خصوصی زونز شامل ہوں گے، جن کا مقصد سعودی اداروں اور عالمی دفاعی کمپنیوں کے درمیان شراکت داری اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔

ریاض پہنچنے پر وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف کا استقبال سعودی حکام اور پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ برسوں میں دفاعی اور معاشی تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک نے 17 ستمبر 2025 کو اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت ایک ملک پر حملہ دونوں کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا۔

یہ معاہدہ وزیرِاعظم شہباز شریف کے دورۂ سعودی عرب کے دوران طے پایا، جہاں انہوں نے ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی تھی۔ بعد ازاں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کے فروغ کے لیے معاشی تعاون کا فریم ورک بھی تشکیل دیا گیا۔

سعودی عرب پاکستان کا ایک اہم اتحادی ہے، جہاں 25 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں، اور سعودی عرب پاکستان کے لیے سب سے بڑا ذریعہ ترسیلاتِ زر بھی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US