محکمہ موسمیات نے 8 سے 10 فروری کے دوران پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری جبکہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔ 9 سے 10 فروری کے دوران فیصل آباد ڈویژن میں بھی گھنے بادلوں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق جنوبی پنجاب کے اضلاع میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، جس کے پیش نظر لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر تمام انتظامات پیشگی مکمل کرنے اور ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملے کو 24 گھنٹے الرٹ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی کل رات سے منگل تک گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ ایبٹ آباد، مانسہرہ، چترال، سوات، دیر، شانگلہ، کوہستان، ناران، کاغان اور کالام سمیت دیگر بالائی علاقوں میں سڑکوں پر پھسلن اور بندش کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں اور سیاحوں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز، دورانِ سفر فوگ لائٹس کے استعمال اور اچانک بریک لگانے سے اجتناب کی ہدایت کی ہے۔ ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔