پاک بھارت میچ کا معاملہ، پی سی بی کی آج آئی سی سی سے ورچوئل میٹنگ ہوگی

image

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل آج پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ اہم ورچوئل میٹنگ کرے گا جس میں یہ فیصلہ ہوگا کہ آیا پاکستان 15 فروری کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کولمبو میں میچ کھیلے گا یا نہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام بھی میٹنگ میں حصہ لینے کے لیے لاہور پہنچ چکے ہیں۔ امین الاسلام نے محسن نقوی سے بھی بات چیت کی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے باضابطہ طور پر آئی سی سی کو بتا دیا ہے کہ ان کی حکومت نے ان کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ میں کھیلنے کی اجازت دی ہے مگر بھارت کے خلاف 15 فروری کو وہ میچ نہیں کھیلیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ پچھلے کچھ دنوں سے بیک ڈور چینل استعمال کیے جا رہے ہیں اور آئی سی سی کے کچھ ڈائریکٹرز پی سی بی کے چیئرمین کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

دوسری طرف سری لنکن کرکٹ بورڈ نے بھی پی سی بی سے ایک ای میل میں درخواست کی ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں کیونکہ اگر پاکستان اور بھارت کا میچ نہیں ہوا تو ان کو مالی طور پر کافی نقصان ہوگا۔

لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر شمی سلوا نے پاکستان بورڈ کو یاد دلایا ہے کہ پچھلے نومبر میں سری لنکا کی حکومت اور بورڈ نے بھرپور طریقے سے پی سی بی کا ساتھ دیا تھا جب سری لنکا کے کچھ کھلاڑی سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے اسلام آباد سے واپس اپنے وطن جانا چاہ رہے تھے۔ شمی سلوا نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوستانہ تعلقات کا حوالہ دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آج کی میٹنگ کے بعد ہی محسن نقوی وزیراعظم شہباز شریف سے ایک دفعہ پھر ملاقات کر کے حکومت سے ہدایت لیں گے کہ آیا 15 فروری کا میچ کھیلا جائے یا نہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے آئی سی سی کو کئی ایسی مثالیں بتائی ہیں جس میں آئی سی سی نے پاکستان اور کچھ دوسرے کرکٹ بورڈز کے ساتھ زیادتی کی ہے۔ پی سی بی نے آئی سی سی سے مالی معاملات پر بھی بات کی ہے۔

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر کا لاہور میں آنا اہم ہے کیونکہ سارا جھگڑا ہی اس وقت شروع ہوا جب بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے کہا کہ ان کے ورلڈ کپ میچز بھارت سے ہٹا دیے جائیں اور آئی سی سی نے ان کی یہ درخواست رد کردی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US