چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی زیر صدارت پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) انتظامیہ اور فرنچائز مالکان کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے کامیاب انعقاد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئندہ سیزن کی تیاریوں پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر، چیف فنانشل آفیسر پی سی بی جاوید مرتضیٰ، ڈائریکٹر پی ایس ایل عثمان واہلہ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ شرکا نے مشکل حالات کے باوجود پی ایس ایل 11 کے کامیاب انعقاد پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
اجلاس کے دوران آئندہ ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن کی ونڈو، پلیئنگ کنڈیشنز، ڈائریکٹ سائننگ اور ریٹینشن پالیسی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سلسلے میں جلد ورکشاپس کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے آئندہ سیزن کی منصوبہ بندی مکمل کی جا سکے۔
شرکا نے پی ایس ایل 11 کے دوران کھیلے گئے 44 میچز میں کرکٹ کے معیار کا بھی جائزہ لیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ لیگ کو سوشل میڈیا، اسٹریمنگ پلیٹ فارمز اور ٹی وی پر ریکارڈ ویورشپ حاصل ہوئی، جسے پی ایس ایل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا ثبوت قرار دیا گیا۔
اجلاس میں آف سیزن اور پری سیزن کے دوران شائقین کرکٹ کے لیے مختلف سرگرمیوں کے انعقاد پر بھی غور کیا گیا، جبکہ پی ایس ایل اور تمام آٹھ فرنچائزز کے باہمی تعاون سے لیگ کا آفیشل مرچنڈائز پلیٹ فارم لانچ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کا اہم اجلاس اگست کے آخری ہفتے میں منعقد ہوگا، جبکہ اجلاس کی تاریخ، مقام اور وقت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔