محمد عامر نے ویرات کوہلی کو اپنے کیریئر کا مشکل ترین بیٹر قرار دے دیا

image

پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عامر نے بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کو اپنے کیریئر کا سب سے مشکل حریف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ دور میں ان جیسا بیٹر کوئی نہیں۔

کرکٹ میگزین وسڈن کو دیے گئے انٹرویو میں محمد عامر نے کہا کہ ویرات کوہلی کی مستقل مزاجی، دباؤ میں بہترین کارکردگی دکھانے کی صلاحیت اور میچ فنش کرنے کی مہارت انہیں دیگر بیٹرز سے ممتاز بناتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ماضی میں بھی کئی مرتبہ یہ بات کہہ چکے ہیں کہ موجودہ نسل میں ویرات کوہلی وہ بیٹر ہیں جن کے خلاف بولنگ کرنا سب سے زیادہ مشکل رہا۔

محمد عامر کے مطابق ویرات کوہلی ہمیشہ بڑے مقابلوں میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہیں جدید دور کے عظیم ترین بیٹرز میں شمار کیا جاتا ہے۔

پاکستانی فاسٹ بولر نے سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ اور آل راؤنڈر شین واٹسن کو بھی سخت حریف قرار دیا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ موجودہ کھلاڑیوں میں ویرات کوہلی سب سے نمایاں ہیں۔

واضح رہے کہ محمد عامر اور ویرات کوہلی کے درمیان کئی یادگار مقابلے دیکھنے کو ملے ہیں۔ 2017 کی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں محمد عامر نے ویرات کوہلی کو ابتدائی اوورز میں آؤٹ کیا تھا، جبکہ کوہلی نے بھی پاکستان کے خلاف متعدد اہم اننگز کھیل کر بھارت کو کامیابیاں دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US