کامن ویلتھ گیمز: پاکستانی باکسر فاطمہ زہرا نے کانسی کا تمغہ جیت لیا

image

پاکستان کی باصلاحیت باکسر فاطمہ زہرا نے کامن ویلتھ گیمز کے ویمنز 60 کلوگرام مقابلوں میں کانسی کا تمغہ جیت کر ملک کے لیے اعزاز حاصل کر لیا۔

سیمی فائنل میں فاطمہ زہرا کا مقابلہ کینیڈا کی باکسر ماریا سے ہوا جہاں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مقابلے کے پہلے راؤنڈ میں کینیڈین باکسر کو 4-1 کی برتری حاصل تھی، جبکہ دوسرے راؤنڈ میں ریفری نے مقابلہ روک دیا جس کے بعد فاطمہ زہرا کانسی کے تمغے کی حقدار قرار پائیں۔

فاطمہ زہرا نے کوارٹر فائنل میں نیوزی لینڈ کی جارڈن ولسن کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

فاطمہ زہرا کی کامیابی کئی حوالوں سے تاریخی اہمیت رکھتی ہے۔ 2014 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان نے کامن ویلتھ گیمز کے باکسنگ ایونٹ میں کوئی تمغہ جیتا ہے جبکہ فاطمہ زہرا کامن ویلتھ گیمز کی باکسنگ میں میڈل حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون باکسر بن گئی ہیں۔

میڈل جیتنے کے بعد فاطمہ زہرا نے کہا کہ ان کی ٹیم کی نظریں سونے کے تمغے پر تھیں، تاہم کانسی کا تمغہ بھی پاکستانی خواتین باکسرز کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا یہ ہمارا پہلا قدم ہے ہم گولڈ میڈل کی بھی امید کر رہے تھے، لیکن یہ برانز میڈل ثابت کرتا ہے کہ ہم درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور اس مقام تک پہنچنے کے لیے ہم نے طویل سفر طے کیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US