لاہور میں بسنت فیسٹیول کے دوران شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس کے باعث ٹریفک اور پبلک ٹرانسپورٹ میں نئے ریکارڈ قائم ہوگئے۔ صرف تین روز میں لاہور میں 9 لاکھ گاڑیوں کی ریکارڈ انٹری ہوئی۔
دوسری جانب شہریوں نے حکومت پنجاب کی جانب سے فراہم کی گئی سفری سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ دو روز کے دوران 14 لاکھ مسافروں نے سرکاری بسوں پر مفت سفر کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں بسنت فیسٹیول کی دو روزہ رپورٹ پیش کی گئی۔ اجلاس میں ٹریفک، سیکیورٹی اور پبلک ٹرانسپورٹ کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں ہونے والی بسنت کی تقریبات کا وقت بڑھا دیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ لاہور، پنجاب اور پورے پاکستان میں بسنت کی شاندار تقاریب ہوئیں، جشن، اتحاد اور خوشیاں دیکھیں جو 25 سال بعد لوٹی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بسنت تقریبات کا وقت بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے، بسنت کی تقریبات کا وقت کل صبح 5:00 بجے تک بڑھا دیا گیا ہے، یہ توسیع لاہور کے عوام کے لیے انعام ہے جنہوں نے بسنت کو بھرپور نظم و ضبط کے ساتھ منایا۔
مریم نواز کا کہنا تھا لاہور کے عوام نے تمام حفاظتی ایس او پیز کی ذمہ داری سے پابندی کی، براہِ کرم جشن محفوظ انداز میں جاری رکھیں، بجلی کی تاروں سے دور رہیں، اپنی چھتوں کو محفوظ بنائیں، اور تمام ہدایات پر عمل کریں۔
وزیراعلیٰ نے شہریوں کے تعاون کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ بسنت فیسٹیول کے اختتام کے بعد پتنگ بازی پر پابندی برقرار رہے گی۔
رپورٹ کے مطابق اورنج لائن میٹرو ٹرین پر جمعہ کے روز 2 لاکھ 99 ہزار مسافروں نے مفت سفر کیا، جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔