جعلی مینڈیٹ، جعلی حکومت نے ملک کو معاشی تباہی کی طرف دھکیلا، مولانا فضل الرحمان

image

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملک میں جاری سیاسی و معاشی صورتحال پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں جعلی مینڈیٹ کے تحت جعلی حکومت قائم کی گئی ہے جو جمہوریت کے ساتھ کھلا مذاق ہے۔

اسلام آباد میں جے یو آئی کے یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایک دوست ملک نے پاکستان کو عالمی تجارت کے لیے منتخب کیا تھا، مگر پی ٹی آئی حکومت کے دوران سی پیک منصوبہ روک دیا گیا اور موجودہ حکومت کے دور میں بھی اس میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اگر شفاف طریقے سے حکومت بنائی جائے تو وہ اسے تسلیم کرنے کے لیے تیار ہیں، لیکن جعلی مینڈیٹ کے نتائج آج ملک میں معاشی اور سیکیورٹی ناکامیوں کی شکل میں سامنے آ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں کاروبار کمزور ہو رہا ہے اور پاکستانیوں کی محنت اور سرمایہ تیزی سے بیرون ملک منتقل ہو رہا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے واضح کیا کہ وہ الزام تراشی کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے بلکہ اعتدال، دلیل اور سنجیدہ سیاسی رویے کے قائل ہیں۔

سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ 8 فروری کے انتخابی نتائج نے ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیل دیا ہے اور اس کے اثرات معیشت اور امن و امان پر واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US