بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر فرید آباد میں جاری سورج کنڈ میلہ میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں میلے میں لگے جھولے کے ٹوٹنے سے ایک شخص ہلاک اور 13 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق جھولے میں تقریباً 15 افراد موجود تھے کہ شام تقریباً 6 بج کر 15 منٹ پر جھولا اچانک ایک طرف جھک کر زمین سے جا ٹکرایا۔ ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت انسپکٹر جگدیش پرساد کے نام سے ہوئی ہے، جو پلول پولیس سے تعلق رکھتے تھے اور میلے میں ڈیوٹی پر تعینات تھے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
حکام کے مطابق انسپکٹر جگدیش پرساد نے جھولے میں موجود لوگوں کو بچانے کی کوشش کی جس دوران ان کے چہرے اور سر پر شدید چوٹیں آئیں جو جان لیوا ثابت ہوئیں۔
حادثے کے فوری بعد میلہ گراؤنڈ کو خالی کروا دیا گیا اور واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ سورج کنڈ میلہ 31 جنوری سے شروع ہوا تھا اور 15 فروری تک جاری رہے گا۔