وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کو مؤثر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام نے مشترکہ اجلاس میں اہم اقدامات پر اتفاق کیا۔ اجلاس کی صدارت چیف کمشنر اور چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اور انسپکٹر جنرل پولیس سید علی ناصر رضوی نے کی۔
اجلاس میں مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کی سخت نگرانی، ان کا مکمل ڈیٹا مرتب کرنے اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسلام آباد میں آمد و رفت پر نظر رکھنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی اتفاق کیا گیا۔
انسپکٹر جنرل پولیس نے کہا کہ شہریوں کی جان، مال اور عزت کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور فورس 24 گھنٹے سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈپلومیٹک انکلیو اور ریڈ زون سمیت پورے شہر میں سیکیورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے جبکہ سیف سٹی نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا جا چکا ہے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہری علاقوں میں گھر گھر سروے مکمل کر لیا گیا ہے اور دیہی علاقوں میں یہ عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ شہر کے داخلی راستوں پر نگرانی سخت کرنے اور گشت میں اضافہ کرنے پر بھی زور دیا گیا۔