وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور کی ٹریفک پولیس کے لیے نئے یونیفارم کی منظوری دے دی ہے۔ نئے یونیفارم کے نفاذ کے بعد ٹریفک وارڈنز 14 فروری سے نئے لباس میں خدمات انجام دیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پہلے مرحلے میں صرف لاہور میں ٹریفک پولیس کا یونیفارم تبدیل کیا گیا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان اور راولپنڈی ڈسٹرکٹ میں بھی یونیفارم تبدیل کیا جائے گا۔ تیسرے مرحلے میں دیگر اضلاع کی ٹریفک پولیس کے یونیفارم میں تبدیلی کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی بتایا گیا کہ الیکٹرک پیٹرولنگ گاڑیوں کا آغاز کیا جائے گا جو سیف سٹیز اتھارٹی سے منسلک ہوں گی۔ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے پیٹرول کی لاکھوں روپے کی بچت متوقع ہے اور یہ ماحولیاتی تحفظ میں بھی مددگار ثابت ہوں گی۔