پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک کی غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی مذمت

image

پاکستان، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ترکی، سعودی عرب اور قطر کے وزرائے خارجہ نے غزہ میں جاری جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیل کے غیر قانونی اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی خودمختاری قائم کرنے، آبادکاری بڑھانے اور الحاق کی کوششیں تیز کر رہا ہے جو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ وزرائے خارجہ نے واضح کیا کہ اسرائیل کا مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر کوئی قانونی حقِ حاکمیت نہیں۔

بیان میں اسرائیلی پالیسیوں کو خطے میں تشدد اور عدم استحکام کا سبب قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ یہ اقدامات دو ریاستی حل کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ وزرائے خارجہ نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور 4 جون 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیا جس کا دارالحکومت القدس ہو۔

مزید برآں وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2334 اور بین الاقوامی عدالتِ انصاف کی 2024 کی رائے کا حوالہ دیتے ہوئے اسرائیلی اقدامات کو کالعدم قرار دیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو مقبوضہ علاقوں میں اشتعال انگیز اور غیر قانونی اقدامات روکنے پر مجبور کرے۔

وزرائے خارجہ نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل اور دو ریاستی فارمولہ ہی خطے میں پائیدار امن اور استحکام کا واحد راستہ ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US