چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے رواں سال کے لیے صدقہ فطر اور فدیۂ صوم کا نصاب جاری کر دیا ہے جس کے مطابق کم ازکم صدقہ فطر اور فدیۂ صوم 300 روپے فی کس مقرر کیا گیا ہے۔
علامہ راغب حسین نعیمی کے مطابق گندم کے آٹے کے حساب سے صدقہ فطر اور فدیۂ صوم 300 روپے جبکہ جو کے حساب سے 1100 روپے ادا کیے جائیں گے۔ اسی طرح کھجور کے حساب سے 1600 روپے، کشمش کے حساب سے 3800 روپے، منقیٰ کے حساب سے 5400 روپے اور سرکاری آٹے کے حساب سے 200 روپے صدقہ فطر اور فدیۂ صوم ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے واضح کیا کہ صدقہ فطر ہر غلام، آزاد، مرد، عورت، چھوٹے اور بڑے مسلمان پر فرض ہے۔ انہوں نے صاحبِ استطاعت افراد پر زور دیا کہ وہ صرف گندم کے نرخ پر اکتفا نہ کریں بلکہ اپنی مالی حیثیت کے مطابق صدقہ فطر ادا کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کی مدد ممکن ہو سکے۔