بھارت نے چابہار سے واپسی کے بعد ایران سے منسلک تیل بردار جہاز ضبط کر لیے

image

چابہار بندرگاہ کے منصوبے سے علیحدگی کے بعد بھارتی حکام نے ایران سے منسلک تیل بردار جہازوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں ضبط کر لیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق بھارتی کوسٹ گارڈ نے بحیرہ عرب میں اسمگلنگ کے الزام کے تحت کارروائی کرتے ہوئے تین آئل ٹینکروں کو تحویل میں لیا۔ رپورٹس کے مطابق یہ کارروائی ممبئی سے تقریباً 100 سمندری میل کے فاصلے پر کی گئی، جہاں ال جافزیہ، ایسفالٹ اسٹار اور اسٹیلر روبی نامی جہازوں کو روکا گیا۔

ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ضبط کیے گئے تینوں تیل بردار جہاز ایران سے منسلک تھے اور تجارتی سرگرمیوں میں مصروف تھے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت اس سے قبل امریکی دباؤ کے باعث چابہار بندرگاہ کے اہم منصوبے سے دستبردار ہو چکا ہے حالانکہ ماضی میں ایران کے ساتھ اس منصوبے پر شراکت داری کے دعوے کیے جاتے رہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق امریکا کی جانب سے پابندیاں لاگو ہونے سے قبل بھارت نے ایران کو طے شدہ 120 ملین ڈالر کی ادائیگی بھی کر دی تھی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ چابہار منصوبے سے علیحدگی کے بعد اس نوعیت کے اقدامات ایران کے ساتھ اعتماد کو مزید نقصان پہنچا سکتے ہیں اور خطے میں بھارت کے سفارتی کردار پر سنجیدہ سوالات اٹھا رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US