کراچی میں شوگر اور السر کے مریضوں کے لیے بڑی طبی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں شہید محترمہ بینظیر بھٹو انسٹیٹیوٹ آف ٹراما میں جدید ویسکولر ہائبرڈ سوئیٹ قائم کر دیا گیا ہے جس سے مریضوں کی ٹانگیں کٹنے سے بچانے میں مدد ملے گی۔
یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا جدید ویسکولر ہائبرڈ سوئیٹ ہے جس کا افتتاح وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اہم کامیابی ماہر ڈاکٹروں اور طبی عملے کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے اور اس جدید سہولت سے مریضوں کو بروقت اور مؤثر علاج میسر آئے گا۔
ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کا کہنا تھا کہ شوگر اور السر کے مریضوں میں اعضاء کاٹنے کے واقعات میں نمایاں کمی متوقع ہے کیونکہ جدید ویسکولر سرجری کے ذریعے شریانوں کے امراض کا بہتر علاج ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے نیورو سرجری ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر صابر کو ہدایت دی کہ شعبے کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے اور اسے 24 گھنٹے فعال رکھا جائے۔
وزیر صحت سندھ نے کراچی میں سگ گزیدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آوارہ کتوں کی تعداد میں کمی لوکل گورنمنٹ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شہر کی بڑھتی آبادی کے پیش نظر کراچی میں دو مزید جدید ٹراما سینٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ عوام کو بہتر اور فوری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔