امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی علاقوں میں استحکام ہی اسرائیل کے تحفظ اور خطے میں امن کے لیے ضروری ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ صدر ٹرمپ مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کے خلاف ہیں اور ان کا مؤقف ہے کہ مغربی کنارے میں استحکام سے اسرائیل زیادہ محفوظ رہے گا۔ عہدیدار کے مطابق فلسطینی علاقوں میں امن و استحکام خطے میں قیامِ امن کے امریکی ہدف سے ہم آہنگ ہے۔
دوسری جانب برطانوی حکومت نے بھی مغربی کنارے پر قبضے کو وسعت دینے کے اسرائیلی کابینہ کے فیصلے کی سخت مذمت کی ہے۔ برطانوی بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطین کی جغرافیائی ساخت کو یکطرفہ طور پر تبدیل کرنے کی کوئی بھی کوشش ناقابلِ قبول ہے اور یہ بین الاقوامی قوانین سے متصادم ہوگی۔ برطانیہ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسے فیصلوں کو فوری طور پر واپس لے۔
ادھر پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک نے بھی مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کو ان خطرناک اقدامات سے روکا جائے۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کا مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر کوئی حقِ خودمختاری نہیں اور یہ اقدامات مغربی کنارے کے غیر قانونی الحاق اور فلسطینی عوام کی بے دخلی کی کوششوں کو مزید تیز کر رہے ہیں۔
مسلم ممالک نے عالمی قوانین کے مطابق فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ اور خطے میں پائیدار امن کے لیے فوری اور مؤثر عالمی کردار ادا کرنے پر زور دیا ہے۔