بنگلادیش میں عام انتخابات، ملک بھر میں فوج تعینات، موٹر سائیکل چلانے پر پابندی عائد

image

بنگلادیش میں عام انتخابات جمعرات کو منعقد ہوں گے جس کے پیش نظر ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کرتے ہوئے فوج کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ ڈھاکا سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں انتخابی مہم کا کل آخری روز تھا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق عام انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے فوج کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ رات 12 بجے سے تین روز کے لیے ملک بھر میں موٹر سائیکل چلانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

بنگلادیش کی 300 پارلیمانی نشستوں کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں کے مجموعی طور پر 1,981 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی)، بنگلادیش جماعتِ اسلامی، نیشنل سٹیزن پارٹی اور جماعتی پارٹی شامل ہیں۔ حکومت سازی کے لیے 300 میں سے کم از کم 151 نشستوں پر اکثریت حاصل کرنا ضروری ہوگا۔

یہ انتخابات اگست 2024 میں سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے استعفیٰ دینے اور ملک چھوڑنے کے بعد منعقد کیے جا رہے ہیں جس کے بعد نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس نے عبوری حکومت کے سربراہ کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔

دوسری جانب بنگلادیش میں قومی پارلیمانی انتخابات کے حوالے سے کیے گئے ایک تازہ عوامی سروے میں سخت مقابلے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ سروے کے مطابق بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی کی قیادت میں قائم اتحاد کو 44.1 فیصد ووٹ ملنے کا امکان ہے، جبکہ بنگلادیش جماعتِ اسلامی کے زیر قیادت 11 جماعتوں پر مشتمل اتحاد 43.9 فیصد ووٹ حاصل کر سکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US