ورلڈ ڈیفنس شو 2026: پاک فضائیہ کے جدید جے ایف-17 بلاک تھری اور سپر مشاق طیاروں کی شرکت

image

سعودی عرب میں جاری ورلڈ ڈیفنس شو 2026 میں پاک فضائیہ نے اپنے جدید طیاروں کے دستے کے ساتھ شرکت کی ہے۔ اس نمائش میں جے ایف-17 تھنڈر بلاک تھری ملٹی رول فائٹر اور عالمی سطح پر معروف سپر مشاق تربیتی طیارہ پیش کیا گیا ہے۔

ورلڈ ڈیفنس شو دفاع اور سلامتی کے شعبے میں عالمی سطح کا ایک ممتاز پلیٹ فارم ہے، اور پاک فضائیہ کی شرکت نے پاکستان کی ایرواسپیس جدت، آپریشنل صلاحیت اور دفاعی اعتبار کو مزید مستحکم کیا ہے۔

جے ایف-17 بلاک تھری جدید ایویانکس، اے ای ایس اے ریڈار، مؤثر الیکٹرانک وارفیئر نظام اور بی وی آر میزائل سے لیس ہے، جو اسے 4.5 جنریشن کا ایک طاقتور فائٹر طیارہ بناتا ہے جبکہ سپر مشاق طیارہ پائلٹ ٹریننگ کے شعبے میں پاکستان کی مضبوط صلاحیتوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ یہ طیارہ کم لاگت، آسان دیکھ بھال اور قابل اعتماد کارکردگی کی وجہ سے متعدد دوست ممالک کی فضائی افواج میں استعمال ہو رہا ہے۔

پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق، اس نمائش میں شرکت کا مقصد دفاعی تعاون اور برآمدات کے فروغ کے ساتھ دوست ممالک کے ساتھ تزویراتی شراکت داری کو مضبوط بنانا ہے۔ نمائش کے دوران بین الاقوامی وفود، دفاعی حکام اور عسکری صنعت کے رہنماؤں کو پاک فضائیہ سے روابط، تعاون، تربیت اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے مواقع پر بات چیت کرنے کا موقع ملے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US