مریم نواز کا بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کیلیے 10 ارب روپے کی معاونت کا اعلان

image

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے لیے 10 ارب روپے کی معاونت کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بلوچستان کا دورہ کیا اور کوئٹہ میں ایف سی ہیڈکوارٹر میں تقریب میں شرکت کی، اس موقع پر انہوں نے سیکیورٹی فورسز کے لیے 10 ارب روپے کی معاونت کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کا دورہ بھی کیا جہاں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبائی کابینہ اور اراکین اسمبلی کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کا جذبہ اور پاکستان سے وابستگی قابل ستائش ہے، بلوچستان کو درپیش چیلنجز میں حکومت پنجاب ہر ممکن تعاون کرے گی، ہم بلوچستان کے ساتھ ہیں، دہشت گردی کا خاتمہ قومی یکجہتی سے ممکن ہے، بلوچستان میں امن، استحکام اور خوشحالی دیکھنا چاہتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ بلوچستان کو فتنہ نہیں بلکہ فتنہ الخوارج کا سامنا ہے، فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن میں ہرممکن تعاون فراہم کریں گے، بلوچستان کے لیے پنجاب کے وسائل اور خدمت حاضر ہیں، دعا ہے کہ بلوچستان سے دہشت گردی کا جلد خاتمہ ہو۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ مریم نواز شریف کو بلوچستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، سیکیورٹی فورسز کے لیے 10ارب روپے کی معاونت مثبت اور قابل تحسین اقدام ہے، بلوچستان میں حکومت اور اپوزیشن عوامی فلاح کے لیے متحد ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US