گلگت بلتستان کی سیاست میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں سابق گورنر راجہ جلال حسین اور سابق وزیرِ اعلیٰ حاجی گلبر خان نے استحکامِ پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
یہ اعلان مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا، جس میں خطے کے سابق وزرا، اراکین اسمبلی اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی پارٹی میں شامل ہونے کا باضابطہ اعلان کیا۔ اس پیش رفت کو آئندہ عام انتخابات سے قبل بڑی سیاسی صف بندی قرار دیا جا رہا ہے۔
پریس کانفرنس میں استحکامِ پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پارٹی کے نمائندے شعیب صدیقی نے کہا کہ آئی پی پی عوام کی توقعات پر پورا اترے گی اور گلگت بلتستان میں مثبت سیاسی کردار ادا کرے گی۔
سیاسی مبصرین کے مطابق اپریل میں متوقع عام انتخابات سے قبل یہ شمولیتیں گلگت بلتستان کے سیاسی منظرنامے پر گہرے اثرات مرتب کرسکتی ہیں۔