امریکی ریاست آئیڈاہو سے تعلق رکھنے والے سیریل گینیز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر ڈیوڈ رش نے اپنی ٹھوڑی پر ایک گھنٹہ اور 20 منٹ تک کرسی کا توازن قائم کر کے اپنا کھویا ہوا عالمی اعزاز دوبارہ حاصل کر لیا۔
ڈیوڈ رش اس سے قبل بھی ٹھوڑی پر ایک گھنٹہ اور 8 منٹ تک کرسی کا توازن قائم کر کے گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر چکے تھے۔ بعد ازاں ایک اور بیلنس ایکسپرٹ نے ایک گھنٹہ اور 19 منٹ تک یہی کارنامہ انجام دے کر یہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا تھا۔
اس سے پہلے رش نے 19 منٹ 11 سیکنڈ تک ٹھوڑی پر سیڑھی کا توازن قائم کر کے بھی منفرد ریکارڈ بنایا تھا۔
اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ڈیوڈ رش نے بتایا کہ گزشتہ چند ماہ سے وہ خصوصی طور پر گردن کی برداشت بحال کرنے کی تربیت حاصل کر رہے تھے۔ ان کے مطابق یہ چیلنج جسمانی طور پر انتہائی کٹھن تھا کیونکہ اس دوران جبڑے، گردن اور ریڑھ کی ہڈی کے اوپری حصے پر مسلسل دباؤ برقرار رہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرسی کو متوازن رکھنے کے بعد کسی لمحے بھی آرام کا موقع نہیں ملتا اور ہر گزرتا ہوا سیکنڈ مکمل توجہ اور فعال کنٹرول کا متقاضی ہوتا ہے۔
ڈیوڈ رش کی جانب سے فراہم کردہ شواہد کا جائزہ لینے کے بعد گینیز ورلڈ ریکارڈز نے باضابطہ طور پر تصدیق کر دی ہے کہ یہ ٹائٹل ایک بار پھر ان کے نام ہو گیا ہے۔