حکومتِ سندھ نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے سندھ یونیورسٹی دادو کیمپس کے پرو وائس چانسلر پروفیسر اظہر شاہ کو عہدے سے معطل کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پروفیسر اظہر شاہ پر مبینہ طور پر نشے کی حالت میں ہونے، غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے اور تعلیمی سرگرمیوں میں خلل ڈالنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر متعدد ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں جن میں انہیں نشے کی حالت میں انگریزی میں غصہ کرتے اور عجیب حرکات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ایک وائرل ویڈیو میں پروفیسر اظہر شاہ کو گاڑی میں بیٹھنے سے پہلے ناچتے اور طلبہ کی طرف ہاتھ ہلاتے دیکھا گیا۔
صوبائی وزیر برائے جامعات و بورڈز محمد اسماعیل راہو نے معطلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ادارے کے وقار اور ساکھ کے تحفظ کے لیے فوری کارروائی کی گئی ہے۔
جامعات و بورڈز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے 10 فروری کو جاری کردہ نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ پرو وائس چانسلر کو فوری طور پر معطل کیا جائے اور معاملے کی باقاعدہ تحقیقات کی جائیں۔