وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بحرین کے ہم منصب راشد بن عبداللہ الخلفیہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
بحرینی وزیر داخلہ نے اسلام آباد کی امام بارگاہ میں ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ انسانیت کے خلاف ہے۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار افسوس اور متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بحرین ہمیشہ سے پاکستان کے ساتھ ہے اور آئندہ بھی پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا، اور ہر طرح کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے، انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی پر بحرینی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان نے دنیا کو محفوظ رکھنے کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اور مربوط اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔