نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن (FPSC) کی جانب سے دی گئی تین ماہ کی توسیع مکمل ہونے کے بعد 77 افسران کے کنٹریکٹس ختم کر دیے ہیں۔
متاثرہ افسران میں 4 ڈپٹی ڈائریکٹرز، 47 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، ایک آفس سپرنٹنڈنٹ، 7 ٹیکنیکل آفیسرز اور 18 انسپکٹرز شامل ہیں۔ یہ افسران گریڈ 16 سے 18 تک کے مختلف تکنیکی، فرانزک اور انویسٹی گیشن ونگز میں خدمات انجام دے رہے تھے۔
تاہم اسسٹنٹ ڈائریکٹر انویسٹی گیشن اسد فخرالدین کا کنٹریکٹ ایک جاری انکوائری کی تکمیل تک برقرار رکھا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اتنی بڑی تعداد میں افسران کی برطرفی سے جاری مقدمات اور زیر التوا درخواستوں پر اثر پڑنے کا خدشہ ہے، کیونکہ متعدد اہم کیسز انہی افسران کے سپرد تھے۔
ادھر ادارے کے ڈائریکٹر جنرل نے 258 نئی اسامیوں کے لیے پی سی ون (PC-1) جمع کرا دیا ہے۔ سابق کنٹریکٹ افسران کو مستقل کرنے اور موجودہ قواعد کے تحت مستقل اسامیوں کے قیام کی کوششیں تاحال کامیاب نہیں ہوسکیں۔