وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ترکیہ کی زرعی ٹیکنالوجیز کلسٹر (TUME) کے بورڈ چیئرمین عبدالقادر قاراگوز کی سربراہی میں چار رکنی وفد نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ زرعی تعاون اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے مثالی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ معاشی شراکت داری کے فروغ کا بھی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ترکیہ نے زرعی اجناس اور لائیو اسٹاک کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نمایاں ترقی حاصل کی ہے اور پاکستان بھی اپنے زرعی شعبے کو جدت سے ہم آہنگ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو زرعی وسائل سے مالا مال کیا ہے اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے ان وسائل سے بھرپور استفادہ کیا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ترکیہ اور پاکستان مل کر گلوبل فوڈ ویلیو چین میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، جبکہ کاروباری برادری کے مابین روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر TUME کے چیئرمین عبدالقادر قاراگوز نے اپنے ادارے میں پیداوار بڑھانے کے لیے جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال پر بریفنگ دی اور پاکستان کے ساتھ زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی برادرانہ قیادت کاروباری حضرات کے درمیان تعاون کے فروغ میں رہنمائی فراہم کر رہی ہے۔
ملاقات میں پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نزیراوولو، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء جام کمال اور احد خان چیمہ، وزیراعظم کے مشیران سید طارق فاطمی اور ہارون اختر سمیت متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔