ملک بھر کے 127 مقامات سے حاصل نمونوں میں 24 مقامات پر پولیو وائرس کی تصدیق

image

پاکستان کے بیشتر اضلاع میں ماحولیاتی نمونے پولیو وائرس سے پاک نکلے ہیں، تاہم اب بھی 2 درجن مقامات پر پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

حکام کے مطابق جنوری 2026 میں ملک کے 87 اضلاع میں سے 67 کے ماحولیاتی نمونے پولیو سے محفوظ پائے گئے، جبکہ 127 مقامات سے لیے گئے نمونوں میں صرف 24 میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

یہ اکتوبر 2023 کے بعد پہلی بار پولیو کے ماحولیاتی نمونوں میں سب سے کم مثبت شرح ہے۔

پنجاب، اسلام آباد، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں تمام نمونے پولیو سے پاک نکلے، تاہم بلوچستان کے اضلاع ڈیرہ بگٹی اور کیچ میں وائرس کی موجودگی ریکارڈ کی گئی۔

خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں 4 مثبت نمونے رپورٹ ہوئے، اور سندھ میں زیادہ تر مثبت نمونے کراچی اور ملحقہ علاقوں سے سامنے آئے، تاہم کراچی کے 4 ماحولیاتی مقامات طویل عرصے بعد وائرس سے پاک ہوگئے۔

حکام نے کہا کہ ماحولیاتی نگرانی پولیو وائرس کی بروقت شناخت کا مؤثر ذریعہ ہے، جبکہ پولیو مہم کے دوران تقریباً 10 لاکھ بچے ویکسین سے محروم رہے۔ ویکسین سے انکار کی بڑی وجہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی غلط معلومات بتائی گئی۔

واضح رہے کہ پاکستان دنیا کے چند ایسے ممالک میں شامل ہے جہاں پولیو اب بھی موجود ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US