کرکٹ کو بطور ہتھیار استعمال کرنا افسوسناک ہے، ترجمان دفتر خارجہ

image

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم واشنگٹن میں ہونے والے بورڈ آف پیس اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی ان کے ہمراہ غزہ سے متعلق اجلاس میں شریک ہوں گے۔

ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے غزہ بورڈ آف پیس کے اجلاس میں خلوص نیت سے شرکت کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ کرکٹ کو سیاست میں ملوث کرنا یا اسے بطور ہتھیار استعمال کرنا افسوسناک ہے۔ بھارت کے خلاف نہ کھیلنے کا فیصلہ اسی لیے کیا گیا تاکہ کھیل کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ ہونے دیا جائے۔ ان کے مطابق بھارت کرکٹ کو بنگلادیش کے خلاف ہتھیار بنانا چاہتا تھا، تاہم پاکستان نے کھیل کو سیاست سے پاک رکھنے کا فیصلہ کیا۔

طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں بھارت کے ساتھ 90 گھنٹے کی جنگ کے دوران امریکا کے امن کردار کو سراہا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارتی جنگی طیارے مار گرائے گئے جس کی تصدیق متعلقہ کمپنیوں نے بھی کی، اور خبردار کیا کہ مستقبل میں کسی بھی بھارتی جارحیت کا سخت جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے قرض رول اوور کرنے کا معاملہ اٹھایا گیا تھا اور اسحاق ڈار کی مثبت کوششوں سے یو اے ای نے قرض رول اوور کرنے پر اتفاق کیا۔

سندھ طاس معاہدے سے متعلق ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قانونی ٹیم نے ہیگ میں عالمی ثالثی عدالت کی سماعت میں شرکت کی۔ بھارت کو بھی عدالت نے معاہدے کے تحت شرکت کی دعوت دی تھی اور وہ اس کا پابند تھا۔ پاکستان نے اعادہ کیا کہ فریقین پر سندھ طاس معاہدے کی پابندی لازم ہے۔

افغانستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان افغان سرزمین کا اپنے خلاف استعمال نہیں چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ داعش کا ماسٹر مائنڈ افغانستان میں موجود ہے اور رپورٹس کے مطابق وہ پاکستان کے خلاف کارروائیوں میں معاونت کر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کی پابندیوں سے متعلق کمیٹی کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈی فیکٹو افغان انتظامیہ کی پشت پناہی سے کالعدم ٹی ٹی پی کارروائیاں کر رہی ہے اور شمالی افغانستان میں آئی ایس کے پی کے فعال ہونے کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے حوالے سے فی الحال کوئی نئی معلومات نہیں، تاہم مشترکہ بیانات میں رواں برس دورے کا ذکر کیا گیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان عمان میں ہونے والے ایران-امریکا مذاکرات کا خیر مقدم کرتا ہے اور ایرانی وزیر خارجہ کے مثبت بیان کو سراہتا ہے۔ ابتدا میں یہ مذاکرات استنبول میں وسیع پیمانے پر ہونے تھے اور پاکستان کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی تھی، تاہم بعد ازاں مذاکرات کا دائرہ محدود کر دیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US